کراچی:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کے ساتھ آئے تو انہیں الٹا لٹکادیں گے،اعظم سواتی کے خلاف دو اداروں کیخلاف ٹوئٹ کرنے پر کارروائی ہوئی،عمران خان لانگ مارچ میں گھیراؤ میں آگئے تو انہیں گرفتار کریں گے.
آڈیو لیکس میں ملکی یا غیرملکی ایجنسیاں نہیں انفرادی طور پر لوگ ملوث ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان اپنے ہوش و حواس کھوچکا ہے.
عمران خان کا انجام باؤلے کتے کا ہوگا، جب کتا باؤلا ہوجائے تو ہر کسی کو کاٹتا ہے،عمران خان ملک میں اپنے علاوہ کسی کا حق تسلیم نہیں کرتا، عمران خان این آر او دینے والا اسٹیبلشمنٹ کو کہہ رہا ہے.
عمران خان کو پتا ہے اس نے سارے کیسز اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے بنائے، کوئی اس بے شرم انسان سے پوچھے یہ سارے جھوٹے کیسز کس طرح ہم پر ڈالے تھے، اس بے شرم نے اے این ایف کی مدد سے میرے خلا ف ہیروئن کا مقدمہ قائم کیا، اس نے ڈی جی اے این ایف اور شہریار آفریدی کو سکھایا کیسے پریس کانفرنس کرنی ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جمہوری انداز میں عوام کے ووٹ سے حکمران بننا ناممکن بات ہے، عمران خان مسلح جتھے کے ذریعہ ملک پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لیکن یہ ممکن نہیں ہوگا، عمران خان اپنے خلاف تمام مقدمات میں ضمانت پر ہے، ہم نے نیب کا کالا قانون ختم کردیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ میں گھیراؤ میں آگئے تو انہیں گرفتار کریں گے، جب تک پی ٹی آئی مرکزی لیڈرشپ کو نہیں پکڑیں گے تو لوگ منتشر نہیں ہوں گے، عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے ابھی تک پولیس نہیں بھیجی ہے۔
عمران خان لانگ مارچ کرے گا تو اسے الٹا لٹکادیں گے،عمران خان کو خبر بھی نہیں کہ لانگ مارچ والے دن ہم نے کیا اقدام کرنے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کے خلاف دو اداروں کیخلاف ٹوئٹ کرنے پر کارروائی ہوئی،اعظم سواتی نے ٹوئٹ میں قابل اعتراض بات کی ہے.
اعتزاز احسن کا دماغی توازن درست نہیں ہے اکثر الٹی سیدھی باتیں کرتے رہتے ہیں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم سے بدترین سیاسی انتقام لینا عمران خان کا مشن تھا۔









