واشنگٹن: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد کیساتھ مذاکرات میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کیلئے مناسب سپورٹ کا مطالبہ کردیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈاراور عالمی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد کے درمیان واشنگٹن میں مذاکرات ہوئے ،عالمی بینک کے نائب صدر ،برطانوی وزیراعظم کے نمائندے نیگل کیسے نے شرکت کی، اجلاس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی ،اجلاس میں سیلاب کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ بھی لیاگیا،اسحاق ڈار نے متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کیلئے مناسب سپورٹ کامطالبہ کردیا۔راﺅنڈٹیبل میں دیگر عالمی مالیاتی اداروں اور دیگر ملکوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ،وزیر خزانہ نے برطانوی وزیر مملکت برائے کامن ویلتھ ویکی فورڈ سے ملاقات کی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دورہ امریکا کے دوران اہم ملاقاتیںکیں، امریکی نائب وزیر خارجہ رامین تولوئی، ڈونلڈلو کی پاکستانی سفارتخانے آمدہوئی، انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پراظہار یکجہتی کیا، امریکا کی طرف سے پاکستان کی امداد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا،امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ متاثرین کیلئے ریلیف کی کوششوں میں تعاون کیا جائے گا ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیر خزانہ اورآئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ جہاداظہور کی بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں آئی ایم ایف قرض پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا،آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی کااظہارکیا اور آئی ایم ایف کی طرف سے تعاون کی یقین دہائی کرا دی ۔
اسحاق ڈار نے سی او او سعودی ترقیاتی فنڈ سلطان عبدالرحمان المرشد سے ملاقات کی،وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سے تعاون پر شکریہ ادا کیا،ملاقات میں سعودی ترقیاتی فنڈ کے آئندہ دورہ پاکستان پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا، وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا جائے گا ،سعودی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او نے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔









