اسلام آباد(ممتاز نیوز )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کی بحالی کے لیے سانحہ کارساز کے شہداء کی دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہداء کارساز کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،ملکی تاریخ میں 18 اکتوبر، 2007 کے دن کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،منگل کواپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسپیکرقومی اسمبلی کاکہناتھاکہ سانحہ کارساز کے شہداء نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور اپنی عظیم قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،سانحہ کارساز کے کارکنوں نے جس بہادری اور ثابت قدمی سے اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا اس کی مثال نہیں ملتی،آج سے 15 سال پہلے آج کے دن پاکستان پیپلز پارٹی کی عظیم قائد محترمہ بینظیر بھٹو کے پرامن قافلے دہشتگرد حملہ کیا گیا،قافلے میں لاکھوں افراد اپنی قائد کی کال پر ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے شامل تھے،انہوں نے کہاکہ قافلے پر دہشتگردی کے بدترین حملے کے نتیجے میں سیکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوئے،معاشرے میں جمہوری اقدار کا فروغ اور جمہوریت کا تسلسل ہی عوام کو درپیش چیلنجز کے حل کا واحد ذریعہ ہے، اسپیکر نے شہداء کارساز کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
سانحہ کارساز کے شہداء کی دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،راجہ پرویز اشرف








