اسلام آباد(ممتاز نیوز )الیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی ۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی ایک میٹنگ 11اکتوبر 2022 کو ہوئی تھی جس میں سیکرٹری وزارت داخلہ ، دفاع ، چیف سیکرٹری سندھ ، آئی جی سندھ ، پاک آرمی اور رینجرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں بھی چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے یہ درخواست کی تھی کہ کیونکہ پولیس کی نفری کم ہے لہذا پاک آرمی اور رینجرز کی Static ڈیوٹی پولنگ سٹیشنوں پر لگائی جائےالیکشن کمیشن نے اس میٹنگ میں تمام اداروں کو الیکشن کے پُرامن انعقاد کےلئے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں تھیں تاکہ پولنگ کا عمل مورخہ 23اکتوبر 2022 کو پُر امن طور پر مکمل کیا جائے اب دوبارہ چیف سیکرٹری سندھ نے مورخہ 14اکتوبر 2022 کو الیکشن کمیشن کو درخواست کی ہے کہ کیونکہ کراچی ڈویژن کے اکثر پولنگ اسٹیشن یا تو انتہائی حساس ہیں یا حساس ہیں ۔ اس کے علاوہ سندھ گورنمنٹ کے پاس 16785 پولیس اہلکار ان کی کمی ہے لہذاالیکشن کو 3 مہینے کے لئے ملتوی کیا جائے۔بصورت دیگر الیکشن کے پُر امن انعقاد کے لئے پاک آرمی اور رینجرز تعیناتی کے ذریعے 16785 اہلکاروں کی کمی کوStatic duty کے طور پر پورا کیا جائے ۔اس ضمن میں الیکشن کمیشن نےکراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی اور کل مورخہ 17اکتوبر 2022 کو سیکرٹری وزارت داخلہ سے میٹنگ کی اور تحریری طور پر بھی لکھا گیا کہ وزارت داخلہ دیگر امن وامان قائم کرنے والے اداروں بشمول پاک آرمی اور رینجرز کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ پولیس کی نفری کی جو کمی ہے اس کو پورا کیا جائے اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ اس پر وزارت داخلہ نے تحریر ی طور پر مطلع کیا ہے کہ پولیس کی نفری کی کمی کے پیشں نظر پاک آرمی اور رینجرز پولنگ سٹیشنوں پر بطور Static ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتی ۔ البتہ پہلے کی طرح یہ فورسزQRF کے طورپر مہیاہوں گی۔ الیکشن کمیشن نے غور وخوض کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ مذکورہ بالا حالات میں الیکشن کمیشن کے پاس سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات فی الحال ملتوی کر دیئے جائیں کیونکہ الیکشن کا پُرامن انعقاد اور ووٹروں کا تحفظ الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے ۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ 15دن کے بعد الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں صوبائی گورنمنٹ اور دیگر امن وامان قائم کرنے والے اداروں سے Feed Back لیا جائے گا۔ تاکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا جلد ازجلد اورپُرامن انعقاد یقینی بنایا جائے ۔ اور الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جاسکے ۔ اس میٹنگ میں الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ ضلع کرم کےحلقہ این اے 45 میں پولنگ مورخہ 30 اکتوبر 2022 کو ہوگی ۔ اس ضمن میں تمام اداروں کوضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی جار رہی ہیں۔
الیکشن کمیشن کاکراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کافیصلہ








