بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مارکیٹوں اور کمرشل ایریاز میں نصب کیمروں کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا جائے گا،آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد (ممتاز نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ کاروباری حضرات کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کمرشل ایریاز اور مارکیٹوں میں نصب کیمروں کو سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں کیمرے نصب کرنے کی کوشش کرے جن کو سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ کاروباری علاقوں کی نگرانی بڑھا کر امن و مان کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب سے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ جرائم کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اس وقت جرائم میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ رواداری کو فروغ دینے کے لیے معاشرے کی بہتر تعلیم و تربیت پر توجہ دی جائے جس سے جرائم میں کمی آئے گی۔ بعد ازاں، انہوں نے صدر آئی سی سی آئی کے ہمراہ ایف ٹین مرکز اسلام آباد کا دورہ کیا اور مرکز میں نئے نصب کئے گئے کیمروں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مارکیٹ میں کیمرے نصب کرنے پر ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن ایف ٹین مزکر کی کاوش کو سراہا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظلار کرتے ہوئے کہا کہ کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھایا جا ئے جس سے وارداتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اس مقصد کے لیے پولیس کو موٹر سائیکلیں دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے ایف ٹین مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے وسائل سے مارکیٹ میں کیمرے لگانے کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے جس سے کاروباری علاقوں اور شہر میں چوری، موبائل چھیننے اور دیگر جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی آئی دارالحکومت کو جرائم سے پاک شہر بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس کے ساتھ ہرممکن مکمل تعاون کرے گا۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان اور گروپ لیڈر طاہر عباسی نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے تاجروں نے پچاس لاکھ روپے جمع کر کے مارکیٹ میں کیمرے لگائے ہیں لہذا دوسری مارکیٹوں کو اپنے وسائل سے کیمرے لگانے پر غور کرنا چاہیے۔چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، امیر حمزہ، اشفاق حسین چٹھہ، محمد یحییٰ، خالد چوہدری، ناصرہ علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے اپنے علاقوں کے پولیس سے متعلقہ مسائل سے آئی جی پولیس اسلام آباد کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔