بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایم ایل ون منصوبہ معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا، وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ایم ایل ون منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا فلیگ شپ منصوبہ ہے،منصوبہ بندرگاہوں کو چین، وسط ایشیا سے جوڑ کر معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا،

نجی ٹی وی  کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پاک چین اقتصادی راہداری و دیگر منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی اور پن بجلی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا، اجلاس میں سی پیک منصوبوں کی صورتحال، جاری کام،رفتار تیز کرنے کیلئے لائحہ عمل پیش کیاگیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجرکی حیثیت رکھتا ہے، ایم ایل ون منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا فلیگ شپ منصوبہ ہے،منصوبہ بندرگاہوں کو چین، وسط ایشیا سے جوڑ کر معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا،وسط ایشیائی ریاستوں سے بذریعہ ریل رابطہ خطے کی ترقی کا باعث بنے گا،منصوبہ پاکستان ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی اور وفاق کی علامت ہے،مین لائن ون پاکستان ریلوے کی معاشی بحالی و ترقی کا باعث بنے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ شمسی توانائی منصوبوں میں چینی کمپنیوں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں ، حکومت سی پیک منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر تکمیل تک لے جا رہی ہے، سی پیک گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ مرحلے سے نکل کر بزنس ٹو بزنس والے مرحلے میں داخل ہورہا ہے،سی پیک کے تحت صنعتی ترقی کے نئے دور کاآغاز ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سرکلر ریلوے سے ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی،کراچی سرکلر ریلوے سے عوام کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کریںگے،وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانے پر وزیراعظم کاشکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے سی پیک منصوبہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔