اسلام آباد:پی ایم ڈی سی کی بحالی کی خوشی میں ادارے کے ملازمین کی جانب سے اظہار تشکر کیلئے مرکزی دفتر کے سامنے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ملازمین نے اللہ کے بعد ان تمام اسٹیک ہولڈرز کا اور سرکاری کوششوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ادارے کی بحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی کی واپسی سے میڈیکل شعبہ پر نا صرف مخصوص طبقے کی اجارہ داری کا خاتمہ ہوا بلکہ ادارے کی کھوئی ہوئی ساکھ بھی بحال ہوئی۔ اس موقع پر ادارے میں پی ایم ڈی سی بل 2022 کے ذریعے ہونے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ بل میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے صوبوں کو منتقلی کو خوش آئیں کرار دیا گیا اور اسے والدین اور بچوں کی حقیقی ترجمانی تصور کیا گیا اس کے علاوہ موجودہ بل میں پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے این ایل ای کے خاتمے کی نوید بھی سنائی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے ڈبلیو ایچ او اور تمام تر عالمی تنظیموں کے معیار اور انتظامی ڈھانچے کے مطابق معیار برقرار رکھنے کے ارادے کو بھی دہرایا۔ تمام تنظیموں کے کردار بالخصوص پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انکے اس عمل کو میڈیکل تنظیموں کی حقیقی ترجمانی قرار دیا گیا۔ مقررین نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کی بحالی کیلئے ایوانوں میں بھر پور مقدمہ لڑنے اور اس کوشش کے نتیجے میں پی ایم ڈی سی کی واپسی کو میڈیکل شعبہ پر احسان عظیم قرار دیا۔ اس موقع پر مقررین کی جانب سے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ میڈیا ہمیشہ کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر ادارے کی موجودہ کونسل پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ادارے میں مزید بہتری لانے اور تمام میڈیکل ڈھانچے کو ساتھ لے کر چلنے اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے عظم کو دہرایا گیا۔
پی ایم ڈی سی کی بحالی پر ملازمین کا جشن،مرکزی آفس کے باہر کیک کاٹا








