بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کا سعودی عرب کے حق میں بیان مضبوط دوستی ،بھائی چارے کا ثبوت ،شیخ سعیداحمد،ملک منظور اعوان

 ریاض/جدہ(ممتازنیوز)پاکستا ن مسلم لیگ (ن)سعودی عرب کے صدرشیخ سعیداحمداور جنرل سیکرٹر ی ملک منظور اعوان نے کہاہے کہ پاکستان نے تیل پیداکرنے والے ممالک کی تنظیم ’’اوپیک پلس ‘‘کے فیصلے کے تناظر میں سعودی عرب کے خلاف بیانات پراس سے اظہاریکجہتی کرکے یہ ثابت کیاہےکہ وہ سعودی عرب کا سچادوست اور برادر ملک ہے جس پر مکمل اعتماد کیا جاسکتا ہے،مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دی اور حالیہ صورت حال پر دفترخارجہ کا بیان اس بات کا غمازہے۔
سعودی عرب کے حق میں دفتر خارجہ کے بیان پر ردعمل کا اظہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یقیناً یہ بیان دونوں برادرملکوں کے درمیان پہلے سے قائم مضبوط تعلقات اور تعاون کو مزید تقویت دے گا۔شیخ سعیداحمد اور ملک منظوراعوان نے کہاکہ پاکستان نے مشکل گھڑی میں سعودی عرب سے دوستی کا حق اداکرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ وہ سعودی عرب خیرخواہ ہے اوروہ ہر فورم پر اس کا دفاع کرے گا۔انہوں نے کہاکہ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آئی سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں،حکومت پاکستان نے موجودہ صورتحال میں کوئی دباؤ خاطر میں لائے بغیر سعودی عرب کے حق میں بیان جاری کرکے اس ملک میں مقیم لاکھوں پاکستانی تارکین کے سرفخرسے بلند کردیئے ہیں۔واضح رہے کہ اوپیک پلس کے فیصلے کے تناظر سے سعودی عرب کو امریکہ سمیت دیگر مغربی ممالک کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا جس پرسعودی عرب کی طرف سےبھی شدید ردعمل سامنے آیاتھا اورپاکستان نے بھی اس معاملے میں سعودی عرب کی حمایت میں  بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’ہم تیل منڈی میں اُتار چڑھاؤ سے بچنے اور عالمی اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے کے لیےسعودی عرب کے خدشات کو سراہتے ہیں۔