لندن(ممتازنیوز)مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان ضرور واپس جائیں گے تاہم اس کےلئے ڈاکٹرز کی اجازت درکارہوگی،میری خواہش ہے کہ نوازشریف جب واپس جائیں تو انہیں پہلے کی طرح قانونی حق سے محروم نہ کیا جائے ۔ایک انٹرویو میں حسین نواز نے کہا کہ ہر خوش قسمتی کے پیچھے ایک جرم ہونے کی بات ایک کرائم تھرلر لکھنے والے ماریوپوزو نے اپنی کتاب میں لکھی تھی بدقسمتی سے اس سے کسی اور سمت میں ڈائریکشن لی جاتی ،ہمارے ایک بہت بڑے منصف نے ایک بہت بڑے عدالتی فورم پر بیٹھ کر بہت بڑے مقدمے میں ایک فیصلہ لکھا جس میں کامن لاء کے تحت نظیروں سے کوئی رہنمائی لی جاتی یا اس سے بڑھ کر قرآن وسنت سے کوئی روشنی لی جاتی انہوں نے ماریو پوزو کے اس جملے سے رہنمائی لی جو بہت دکھ کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان میں انڈسٹری پر کام ہوتا ہے میاں محمد شریف کی خدمات نہیں بھلائی جا سکیں گی ، یہ خدمات 1930میں شروع ہوئی جس وقت انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنا کام شروع کیا تھا، اتفاق فائونڈری کی داغ بیل 1930کے آخر میں پڑ چکی تھی اس کے بعد جب پاکستان بنا تو اس وقت تک وہ ایک اچھے خاصے اسٹیبلش بزنس مین بن چکے تھے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے آپ کو مزدور کہنے میں کوئی عار نہیں میں خود فیلڈ میں کھڑے ہو کر کام کرتا رہا ہوں اور میرے دادا ہی میرے استاد تھے ۔ پانامہ کیس کے حوالے سے حسین نواز نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ جیسے معتبر وکیل نے نوازشریف سے متعلق فیصلے کو سانحہ قراردیا ،نامور وکلاء نے پانامہ کیس کے حوالے سے جو کچھ کہا وہ بھی آن ریکارڈ ہے ، جے آئی ٹی کی رپورٹ میں دسویں والیم سے ڈرایا جاتا رہا ،میں چیلنج کرتا ہوں کہ دسویں والیم کو عوام میں لے آئیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائےگا۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں کونسا جرم ثابت کیا گیا ۔حسین نواز نے کہا کہ عدالتی فیصلے تو واپس ہوجائیں گے لیکن جس کرب اور مشکل سے میاں نوازشریف گزرے اور ان کی صحت بگڑی وہ کون واپس کرے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف واپس جائیں گے تاہم ان کی واپسی سے پہلے اس بات کا اہتمام ہونا چاہیے کہ ڈاکٹرز اس سے متفق ہوں کہ واپسی پر ان کی صحت کو کوئی خطرہ نہ ہو۔حسین نواز نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جب نوازشریف واپس جائیں تو انہیں پہلے کی طرح قانونی حق سے محروم نہ کیا جائے ۔
نوازشریف پاکستان ضرور واپس جائیں گے ، حسین نواز








