اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سینیئر قیادت کے مشاورتی اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
پی ٹی آئی ذرائع نے کہا کہ ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو ہوا نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں عمران خان نے ہدایت کی کہ مظاہرین پرامن احتجاج کریں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا عمران خان کیخلاف فیصلہ، پی ٹی آئی کے کارکنان کی ہنگامہ آرائی
الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف فیصلے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے ہنگامہ آرائی شروع کردی ہے۔
توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیئے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان متحرک ہوگئے ہیں۔ الیکشن کمیشن سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان پارٹی چیئرمین عمران خان کے حق میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی لاہور کے کارکنان کی جانب سے لاہور کی اہم شاہراوں پر احتجاج جاری ہے اور اس دوران جیل روڈکوبلاک کردیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنمامیاں محمودالرشید، عندلیب عباس، میاں اکرم عثمان اوردیگرکارکنوں نے جیل روڈپردھرنادے دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے خلاف شدیدنعرے بازی جاری ہے۔
اسکے علاوہ راولپنڈی روات جی ٹی روڈ کو بھی بلاک کر دیا گیا جس کی وجہ سے راولپنڈی کی طرف جانے والی ٹریفک جام گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں ہیں۔
میانوالی وتہ خیل چوک پر پی ٹی آئی کارکنان جمع ہونا شروع احتجاج جاری ہے جس دورانٹائر جلاکر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
کراچی کے بھی مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے امپورٹڈ حکومت اور چیف الیکشن کمشنر کیخلاف نعرے بازی کی جارہی ہے۔
توشہ خانہ ریفرنس؛ عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم، آرٹیکل 63 کے تحت نا اہل قرار
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نا اہل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی ہے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ عمران خان حالیہ ضمنی انتخابات میں جیتی 6 نشستوں پر بھی حلف نہیں اٹھا سکتے ہیں۔









