لاہور : بینکنگ کرائم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد زمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے10 ہزارروپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق بینکنگ کرائم کورٹ نے گزشتہ روز حامد زمان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جوکہ آج سنا دیا گیاہے ۔ یاد رہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ممبر حامد زمان کو 7 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے لاہور کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے حامد زمان کو لاہور میں وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ انصاف ٹرسٹ کے اکاونٹ میں 2013ءمیں 6 لاکھ 25 ہزار ڈالر آئے، انصاف ٹرسٹ قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتا تھا، حامد زمان اس وقت انصاف ٹرسٹ کے سیکریٹری تھے۔









