بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں میزائل گرنے کا معاملہ،بھارتی فضائیہ کا گروپ کیپٹن رینک کا افسر ذمہ دار قرار

نئی دہلی (ممتازرپورٹ)بھارتی فضائیہ نے حادثاتی طور پر براہموس میزائل کے پاکستان میں گرنے کے واقعہ کا ذمہ دار گروپ کیپٹن رینک کے افسر کو قراردےدیا۔بھارتی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل رینک کے افسر نے اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات کی ہیں ،اعلیٰ حکومتی ذرائع کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایئرہیڈکوآرٹرز میں تعینات ایئروائس مارشل ونگ کا یہ افسر تحقیقات کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ حادثاتی طور پر میزائل پاکستان کے علاقے میاں چنوں میں گرنے کے واقعہ میں گروپ کیپٹن کی سطح کےافسر کی غلطی کا نتیجہ ہے تاہم اس معاملے کی مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں جو ایک ماہ میں مکمل ہوں گی ۔دریں اثناء ایک بھارتی جریدے میں شائع ہونے والے مضمون میں میزائل واقعہ کو انسانی غطی قرار دیے جانے پر کہا گیا ہے کہ اس واقعہ نے اہم سٹریٹجک ہتھیاروں سے متعلق حکام کے باقاعدہ نفسیاتی ٹیسٹ کرانے کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔جریدے”دی ویک”کے مضمون کے مطابق 9مارچ کی شام سات بجے میزائل معمول کی مرمت اور معائنے کے عمل کے دوران حادثاتی طور پر چل گیا اور بعد میں پتہ چلا کہ پاکستان کے علاقے میں میاں چنوں میں گرا۔اگرچہ بھارت نے سرکاری سطح پر میزائل کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم ذرائع کے مطابق یہ میزائل سپر سانک کروز براہموس میزائل تھا۔