بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جمس، معیار پر پورا نہ اترنے والے امیدوار کو ڈائریکٹر لگانے کا فیصلہ

کراچی (نیوز ڈیسک) جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (جمس) میں معیار پر پورا نہ اترنے والے امیدوار کو ڈائریکٹر لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کی تعیناتی کیلئے 5رکنی انتخابی کمیٹی نے جس امیدوار کا نام فائنل کیا ہے ان کے پاس میڈیکل سائنس انسٹیٹیوشنز یا تدریسی اسپتال میں مینیجمنٹ کا 10سالہ تجربہ موجود نہیں تاہم سندھ کے سینئر سیاست دان کی سفارش پر ان کا نام فائنل کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ حکومت سندھ نے 23نومبر 2021کو جمس میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کےلئے 5 رکنی انتخابی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے چیئرمین پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز فار ویمن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گلشن علی میمن جبکہ اراکین میں سیکریٹری سروسز، سیکریٹری فنانس، ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ اور اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے2021میں جمس میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کا اشتہار دیا اور 3فروری 2022کو انٹرویو لیے لیکن کسی کا انتخاب نہ ہوسکا۔ مارچ 2022میں دوبارہ اشتہار دیا گیا اوراہلیت کے معیار میں ایم بی بی ایس کے ساتھ ایم ایس پی ایچ، ہیومن ریسورسز یا ہاسپٹل مینیجمنٹ میں پوسٹ گریجویشن کے مساوی ڈگری، میڈیکل سائنس انسٹیٹیوشنز میں مینیجمنٹ کا 10سالہ تجربہ اور مضبوط انٹرپرسنل اسکلز رکھے گئے جبکہ عمر کی حد 65سال رکھی گئی۔17امیدواروں نے اپلائی کیا جن میں سے 10امیدوار 4اگست کوانٹرویو کے لئے حاضر ہوئے لیکن عمرکی حد کا خیال نہ رکھتے ہوئے 65 سال سے زائد عمر والوں اورتدریسی اسپتال کے انتظامی امور کا خاطر خواہ تجربہ نہ رکھنے والوں کا بھی انٹرویو لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ان ہی میں سے ایک ایسے امیدوار کا نام فائنل کر لیا گیا ہے جن کا تعلق سکھر سے ہے اور ان کے پاس میڈیکل سائنس انسٹیٹیوشنز میں مینیجمنٹ کا 10سالہ تجربہ موجود نہیں۔ اس سلسلے میں انتخابی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر گلشن علی میمن سے ان کا موقف جاننے کے لئے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی ان کے واٹس ایپ پر پیغامات بھی بھیجے گئے لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ جمس میں ڈائریکٹر تعینات ہے لیکن حکومت سندھ جمس کے ایکٹ 2013کے سیکشن 11پر عمل کرتے ہوئے تین سالوں کے لئے مستقل ڈائریکٹر کی تعیناتی کرنا چاہ رہی ہے۔