اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو کینیامیں مارے جانے والے سینئر صحافی ارشد شریف سے متعلق متنازع ٹویٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر کڑی تنقیدکاسامناہے۔
مریم نواز نے ارشد شریف مرحوم کے تابوت کی تصویر کے ساتھ نازیبا ٹویٹ ری ٹویٹ کی، ٹویٹ میں کہا گیا کہ فتنہ عمران اور اس کے یوتھیوں کےلیےخبر ہے ‘ یہ اینکر کہتا تھا کہ نواز شریف نے مرحومہ ماں کو پارسل کرکےبھیجا’، دوسروں کی بیماری اورموت کا مذاق اڑایا،آج اس اینکرپر وقت آگیا۔ لیگی نائب صدر نے لکھا کہ ری ٹویٹ کرتے ہوئے اچھا نہیں لگ رہا لیکن یہ انسانوں کےلیےسبق ہے۔
مریم نواز کےاس ٹوئٹ پر سینئر صحافیوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکرسے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے شوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
پی ایف یو جے لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ ارشد شریف بےداغ صحافی تھے، مریم نواز نے جوٹوئٹ کیا وہ شرمناک ہے، صحافی برادری کو بھرپور مؤقف دینا چاہیے۔
اینکر پرسن کامران خان نے لکھاکہ مریم بی بی کاش آپ ٹھنڈے دل سے سوچتیں یا میاں نواز شریف ہی آپ کو روکتے ارشد شریف کی کینیا میں شہادت پر آج پوری قوم صدمے کا شکار ہے مگر آج اس شہادت پر ایک بے رحمانہ ٹوئٹ کو آپ نے ری ٹویٹ کرکے قوم کے زخموں پر نمک چھڑکا اور اپنے امیج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اللہ معاف کرے۔
اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ نے لکھا کہ ناصرف مریم نواز کوارشد شریف کےحوالے سےٹویٹ ڈیلیٹ کرنا چاہیےبلکہ معافی بھی مانگنی چاہیے۔کسی بھی انسان کو ذیب نہیں دیتاکہ کسی کی موت پر یہ سوچے کہ اس نے اپنا حساب برابر کرنا ہے۔یہ وقت ارشد شریف کےلواحقین کےساتھ کھڑاہونےاور انہیں انصاف دلانےکاہے،نہ کہ ایسےبیانات کا۔
شاہ زیب خانزادہ کی حمایت کرتے ہوئے سینئر صحافی وتجزیہ نگار انصار عباسی نے لکھاکہ درست بات۔ مقابلہ زندہ لوگوں سے کیا جاتا ہے وہ بھی تہذیب کے دائرہ میں رہ کر، جو فوت ہو جائے اُس سے کیسا مقابلہ! غلطی پر معافی مانگنا اور غلط عمل کو درست کرنا بڑائی کی بات ہے۔
صحافی صدیق جان نے لکھاکہ مریم نواز نے یہ ٹویٹ کرکے مریم نواز کے قاتلوں کو خوش کیا۔
ادھر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے بھی مریم نوازکے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بیان سے مریم نوازکی ذہنیت مزید آشکار ہوئی،آپ کو شرم آنی چاہئے، اسوقت پورا ملک میں ارشد شریف کی شہادت سےدکھ کی کیفیت ہے ارشد شریف کی توہین کرنا مریم نوازکا مقصد تھا۔
’’ مقابلہ زندہ لوگوں سے کیا جاتا ہے‘‘ ارشد شریف سے متعلق متنازع ٹویٹ پر مریم نواز کو شدید تنقیدکا سامنا








