بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزادی صحافت کوہر صورت قائم رکھا جائے گا، فرخ سعید خواجہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کے شرکاکاعزم

اسلام آباد : پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور و راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام سنیئر صحافی وپی ایف یوجے دستور کے سابق صدر فرخ سعید خواجہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے سیاسی ومذہبی اورصحافی تنظیموں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ آزادی صحافت قربانیوں کے بعد حاصل کی گئی جسے ہر صورت قائم رکھا جائے گا، فرخ سعید خواجہ ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک ادارے اورتحریک کا نام ہے ان کی صحافتی خدمات اور کردار صحافیوں کیلئے مشعل راہ ہے، صحافت ریاسست کا چوتھا ستون ہے جمہوریت ، قانون وآئین کی بالادستی استحکا م وطن کیلئے صحافت کا کردار روزروشن کی طرح عیاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما صدیق الفاروق ، پی ایف یوجے دستور کے صدر محمد نواز رضا نے کیا ۔تعزیتی ریفرنس کی صدارت آر آئی یوجے دستور کے صدر سید قیصرعباس شاہ نے کی جبکہ سنیئرصحافیوں سمیت سیاسی ومذہبی رہنمائوں محسن رضا خان، جاویدقریشی ، اسلم خان ، خالدعظیم ، میاں منیر ، فاروق عادل ، پرویز شوکت ، سجاد حیدر ،شکیل احمد ،طارق عثمانی، مرزا عبدا لقدوس ،ضرار فرید راحیل نواز سواتی ، مظفر بھٹی ،ملک اختر ، حاجی امیتاز، ریحانہ پروین نے بھی خطاب کیا ۔
مقررین نے کہاکہ خواجہ فرخ سعید نڈررہنما تھے جنھوں نے جمہوری ومارشل لا کے ادوارمیں حرمت قلم کیلئے قربانیوں سمیت صحافیوں کے حقوق ،اورآزادی صحافت کیلئے جرات مندی سے جدوجہد کی ۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو غیر جانبداررہ کر اپنے فرائض منصبی اداکرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فرخ سعید خواجہ کی صحافی برادری کیلئے خدماتہ ہمیشہ یادرکھی جائیں حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی قدامات کرے علاج ومعالجہ ، تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے سمیت گروپ انشورنش کی جائے پی ایف یوجے دستور فرخ سعیدخواجہ کامشن جاری رکھے گی۔
مقررین نے سنیئر صحافی واینکر پرسن ارشدشریف کے کینیا میں قتل کی مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگورا خاندان سے تعزیت کی اور مطالبہ کیاکہ حکومت ا س معاملہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائے۔