بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی سعودی ولی عہدسے ملاقات،سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف قصر یمامہ پہنچے تو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ان کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر افراد بھی تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں دوستانہ ماحول میں دوطرفہ تعلقات اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ،دونوںرہنماؤں نے پاک سعودی تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

قبل ازیں سعودی عرب میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مستقبل کے حوالے سے سعودی قیادت کا ویژن لائق تحسین ہے، ہمیں بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد ملک کے مستقبل کے لیے بہت متحرک ہیں، ہمیں عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کےلیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیار زندگی بہتر بنایا جاسکتاہے۔
تقریب سے خطاب میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سماجی و معاشی ترقی کے لیے خواتین کا با اختیار ہونا ضروری ہے۔ معیشت کی بہتری کے لیے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوان طبقے پر مشتمل ہے، نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ معیشت کی بہتری کےلیے ای کامرس پر توجہ دینا ضروری ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا تھا کہ ’میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آج سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں۔ عالمی معیشت کی موجودہ حالت اضطراب پر قابو پانے اور نئی راہیں استوار کرنے کے لیے نئی سوچ اور جرات مندانہ وژن کی ضرورت ہے۔‘
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزاعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جس کے دوران ان کی سعودی قیادت بشمول شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔