بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن کمیشن توشہ خانہ ریفرنس فیصلہ بھجوانے کیلئے ہائیکورٹ کے آرڈر کا منتظر

اسلام آباد:  الیکشن کمیشن توشہ خانہ ریفرنس فیصلہ بھجوانے کیلئے ہائیکورٹ کے آرڈر کا منتظر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے تحریری استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا حکم امتناعی خارج کرایا جائے۔ باخبر ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس کا اپنا فیصلہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اسلام آباد کو آئین ایکٹ ۔217 کی سیکشن137 اور 173 کے تحت اس وقت بھجوانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جب اسلام آباد ہائی کورٹ پاکستان تحریک انصاف کی جمعرات ، جمعہ یا اس کے بعد اپیل کی سماعت کرکے کوئی آرڈر پاس نہیں کرتی۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران احمد خان نیازی نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے جمعہ کو ہی اپیل تیار کرلی تھی جس کی سماعت پیر 24 اکتوبر کو کرتے ہوئے فاضل وکیل کی یہ استدعا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اپیل کنندہ آئینی ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کی مصدقہ نقل اپیل کے ساتھ دوبارہ درخواست کے ذریعے پیش نہیں کرتے اس وقت تک عدالت عالیہ ملک کے آئینی ادارے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری نہیں کر پائے گی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نمائندگی اٹارنی جنرل آف پاکستان کریں گے۔ادھر چیف الیکشن کمشنر مسٹر سکندر سلطان راجہ نے منگل 25 اکتوبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال سے تحریری طور پر استدعا کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عدالتوںسے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے توہین کیس میں جو حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے عدالت عظمیٰ اس حکم امتناعی کو خارج کرے۔