بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خطے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے، وفاقی وزیر سید مرتضیٰ محمود

اسلام آباد ( ممتاز نیوز) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے یقین دلایا کہ وہ خطے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں گے کیونکہ اس سے پیداواری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وزارت تجارت، بورڈ آف انوسٹمنٹ اور سی ڈی اے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک اجلاس بلایا جائے گا تاکہ اس اہم منصوبے پر ان کی رائے حاصل کر کے پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو چاہیے کہ وہ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے دو یا تین جگہوں کی نشاندہی کرے تاکہ اس منصوبے کے لیے موزوں ترین جگہ منتخب کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار کے مختلف منسلک اداروں میں آئی سی سی آئی کی نمائندگی کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تاکہ ان اداروں میں نجی شعبے کے کردار کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل کی برآمدات کو بہتر کرنے کیلئے فارما سیکٹر کے ساتھ ایک علیحدہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت نجی شعبے کو درپیش مسائل و مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ یہ شعبہ بہتر ترقی کر سکے۔اس موقع پراپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کو خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اہمیت سے آگاہ کیا کیونکہ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے خطے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، صنعتی سرگرمیاں تیز ہوں گی، برآمدات بہتر ہوں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو اس منصوبے کے لیے تقریباً 10ہزار ایکڑ اراضی کی ضرورت ہے تاکہ برآمدی صنعتوں کو فروغ دیا جا سکے اور اتنی زمین سی پیک روٹ پر اسلام آباد کے ارد گرد دستیاب ہو سکتی ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے زمین کے حصول میں مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورد اور نیشنل پراڈیکٹیوٹی آرگنائزیشن سمیت وزارت صنعت وپیداوار کے دیگر منسلک اداروں کے بورڈز میں چیمبر کو مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ نجی شعبے کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔اظہر الاسلام ظفر نائب صدر آئی سی سی آئی، ذکریا ضیاء صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن، ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، ناصر قریشی، شعبان خالد، مقصود تابش، ڈاکٹر ایم عثمان، رضوان چھینہ، امیر حمزہ اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجروصنعتکار برادری کے مختلف مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔