اسلام آباد: ڈینگی کے بعد اب ملیریا سندھ میں وبائی شکل اختیار کرگیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملیریا سے ایک شخص مزید جاں بحق ہوگیا جس کا تعلق ٹنڈو الہیار سے ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں برس سندھ بھر میں ملیریا سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں حیدرآباد ڈویژن میں رپورٹ ہوئیں جن میں حیدرآباد 6، سکھر 3 اور میر پور خاص ڈویژن میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ملیریا کے اب تک 2 لاکھ 83 ہزار 934 کیسز کے رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ملیریا کے برعکس شہر میں ڈینگی کیسز میں بتدریج کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں ڈینگی کے 220 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 130 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلع شرقی میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع کورنگی 24، ضلع وسطی میں 21، ضلع جنوبی میں 12کیسز ضلع ملیر میں 15، غربی میں 6 اور ضلع کیماڑی میں 4کیسز رپورٹ ہوئے۔
علاوہ ازیں سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع وسطی میں رپورٹ ہوئی ہیںجہان مرنے والوں کی تعداد 20 ہےضلع شرقی میں 13، ضلع جنوبی میں 4 ضلع ملیر 2 ،غربی میں 3 اور ضلع کورنگی میں 4 اور کیماڑی میں 1 کیس رپورٹ ہوا۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی سے 54 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 47 کا تعلق کراچی سے تھا۔
محکمہ صحت سندھ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں مزید بتایا کہ یکم اکتوبر سے اب تک کراچی میں 5 ہزار 476کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ یعنی ماہ ستمبر میں سندھ بھر میں 7 ہزار 585 کیسز رپورٹ ہوئے۔