ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 1 رن سے شکست دیدی جس کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوگئے۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نہیں بنا سکا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم زمبابوے کی کمزور ٹیم کے سامنے مشکلات کا شکار نظر آئی، 100 رنز سے پہلے ہی آدھی سے زیادہ ٹیم پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی چھٹی وکٹ 93 رنز پر گری۔
محمد رضوان نے 16 گیندوں پر 14 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 9 گیندیں کھیل کر صرف 4 رنز بناسکے، شان مسعود 38 گیندوں پر 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، افتخار احمد 5، شاداب 17، حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
زمبابوے کی طرف سے سین ولیمز نے 31، کریگ اروائن اور بریڈلے ایوانز نے 19، 19 رنز بنائے، پاکستان کے محمد وسیم نے 4 اورشاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے ، آصف علی کی جگہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو قومی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان جونیئر، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
پاکستان میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ بھارت سے ہار چکا ہے، سیمی فائنل میں کوالیفائی کے لئے پاکستان کو ہر صورت بڑے مارجن سے فتح درکار ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ؛ زمبابوے نے پاکستان کو شکست دیدی، سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم








