اسلام آباد(ممتاز نیوز )پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر حماد اظہر سے بحث کرتے ہوئے اپنی وائرل ہونے والی ویڈیو پر وضاحت دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر اسد عمر اور حماد اظہر کی آپس میں بحث کرتے ہوئے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔
وائرل ویڈیو میں اسد عمر اور حماد اظہر کو بحث کرتے دیکھا جا سکتا ہے جس پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے تھے کہ یہ بحث پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان مارچ میں شرکاء کی کم تعداد کے سبب ہو رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اس وائرل ویڈیو سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
کل کے لاہور کا اپنے کپتان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حقیقی آزادی کا عزم دیکھ کر یہ گھبرا گئے ہیں. میرا ایک کلپ چلا رہے ہیں کے اختلافات ہو گئے. اللہ کے بندوں اس وقت مجھے غصہ اس بات پر تھا کے جنریٹر خراب ہو گیا تھا اور دوسرا آنے میں دیر ہو رہی تھی 😊 #حقیقی_آزادی_مارچ
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 29, 2022
اسد عمر کا اپنے ٹوئٹ میں لکھنا ہے کہ معاملہ جنریٹر کی خرابی کے باعث پیش آیا، دوسرا جنریٹر مارچ میں شریک گاڑیوں کی وجہ سے پہنچ نہیں سکا تھا، جنریٹر کو کنٹینر تک پہنچانے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم لاہوریوں کا جوش اور جذبہ دیکھ کر بہت خوش تھے۔








