سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ بھی پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں ہونے والی شکستوں کی وجوہات ڈھونڈ کر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
خراب بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور سلیکشن کے بعد اب لوگوں نے پاکستان ٹیم کی شکست کی ایک نئی وجہ ڈھونڈ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اکاؤنٹ سے بابر اعظم کی 7 سال پرانی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا گیا جس کے بعد یہ ٹوئٹ وائرل ہوگئی۔
سال 2015ء میں بابر اعظم نے زمبابوے کے پاکستان آنے پر ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا تھا۔
اپنے لکھے پیغام میں بابر اعظم زمبابوے کی اسپیلنگ غلط لکھ بیٹھے تھے جس کے باعث آج انہیں ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انٹرنیٹ پر صارفین ورلڈکپ کے میچ میں زمبابوے کی جیت کو بابر اعظم کی غلطی کا بدلہ قرار دے رہے ہیں۔
Welcome zimbaway
— Babar Azam (@babarazam258) May 19, 2015
رپورٹس کے مطابق بابر اعظم کی زیادہ تر ٹرولنگ بھارتی اکاؤنٹس سے کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم نے 2015ء میں 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کادورہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی تھی۔









