پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی جس پر وزیراعظم سمیت دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے، کم ہے۔ اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں۔ مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 30, 2022
تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں شامل کنٹینر کے نیچے آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی، خاتون کے بارے میں بتایا جارہا ہے وہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر ہے۔
عمران خان نے حادثے کے بعد کنٹینر رکوا دیا اور وہ کنٹینر سے نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچے، صدف نعیم نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر تھیں۔
اس حوالے سے عمران خان کا کہنتا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ صحافی کی زندگی پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے،خاتون صحافیوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہیئں تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پروفیشنل، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔









