پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہی تمام مشکلات دور ہوجائیں گی۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں ریاستی ادارے مضبوط ہوں، فوری الیکشن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے، الیکشن کا اعلان کریں اور پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں۔
‘شہباز شریف کو چیلنج ہے عوام میں نکلیں لگ پتا جائے گا’
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں معیشت ٹھیک کرنے آئے ہیں، خدا کا خوف کریں، شہباز شریف کو چیلنج ہے عوام میں نکلیں لگ پتا جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ اب وہ زمانہ نہیں رہا جہاں آپ اشتہاروں سے عوام کو بے وقوف بناتے تھے، انہوں نے مہنگائی کر کے عوام کا جینا مشکل کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اب ان کا جھوٹ بکنے والا نہیں، قوم فیصلہ کرچکی پے، ان کا جھوٹ بکنے والا نہیں۔
‘پاکستانی عوام کسی اور کے فیصلے ماننے کو تیار نہیں’
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جنہیں آپ جتھے کہہ رہے ہیں ان کے ووٹ سے آپ حکومت میں آتے ہیں، شرم کرو یہ عوام آپ کو جتھے نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کسی اور کے فیصلے کو ماننے کو تیار نہیں، پاکستان میں کس کی حکومت ہونی چاہیے اس کا اختیار عوام کے پاس ہے۔
‘عمران خان عوام کو مسائل سے نکال سکتا ہے’
اسد عمر نے کہا کہ یہ سب مانتے ہیں کہ عمران خان عوام کو مسائل سے نکال سکتا ہے، عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بنا کردے دیا۔
انکا کہنا ہے کہ یہ ذہنوں کی تبدیلی ہے یہ نیا پاکستان ہے، میاں صاحب جو جی ٹی روڈ آپ چھوڑ کرگئے تھے اب وہ نہیں ہے۔
‘ملک کے فیصلوں کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے’
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جتنی عوام نکل رہی ہے آپ نے اپنے دور میں نہیں دیکھی، اگر200 بندے نکلے ہوتے تو اسلام آباد کو کنٹینرز کا قبرستان نہ بنایا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی لندن امریکا سے بیٹھ کر یا بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلےنہیں کرے گا، ملک کے فیصلوں کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے۔
‘عوام کو متحرک کرنے کی صلاحیت صرف عمران خان کے پاس ہے’
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ سے ایسا شعور پھیلا ہے جس کی مثال نہیں ملتی، قوم بیدار ہوچکی ہے، آپ جتنا مرضی خوفزدہ کرلیں، یہ نیا پاکستان ہے، پاکستانی کسی اور کا فیصلہ ماننے کو تیار نہیں ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ عوام کو متحرک کرنے کی صلاحیت صرف عمران خان کے پاس ہے، عوام لانگ مارچ کا حصہ بن رہے ہیں۔









