اسلام آباد(ممتاز نیوز)امریکی محکمہ صحت نے طب کے ذیلی شعبے سٹیم سیل ٹریٹمنٹ میں، پاکستانی نجی ادارے انسٹیٹیوٹ آف ریجینیریٹو میڈیسنز (آئی آر ایم) کو پاکستان میں اپنا باضابطہ نمائندہ مقرر کر دیا.
آئی آر ایم اب پاکستانی ڈاکٹروں کو سٹیم سیل علاج کی ٹریننگ دینے اور امریکی محکمہ صحت کی جانب سے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا واحد مجاز ادارہ بن گیا ہے.
اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے موقع پر امریکی محکمہ صحت کی ڈائریکٹر، ڈاکٹر روزینہ منیر، نے آئی آر ایم کے سربراہ ڈاکٹر سلمان نعیم گیلانی کو اس ضمن میں باقاعدہ لائسنس جاری کیا.
انہوں نے کہا سٹیم سیل کے غیر روایتی علاج کے ذریعے بہت سے جان لیوا امراض کا علاج پاکستان میں ہی ممکن ہو پائے گا. بہت سے پاکستانی جو بیرون ملک علاج کرانے پر مجبور ہیں، انہیں پاکستان میں ہی امریکی معیار کا علاج میسر آ سکے گا. اور پاکستان میں میڈیکل ٹورزم کو بھی فروغ حاصل ہو گا.
وہ پاکستانی ڈاکٹرز جو امریکہ جا کر سٹیم سیل علاج میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، اب انہیں پاکستان میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین سے ٹریننگ کی سہولت ہو گی. اور کامیاب ٹریننگ کے اختتام پر امریکی محکمہ صحت انہیں باقاعدہ آئی آر ایم کی سفارش پر سند جاری کرے گا.
ڈاکٹر سلمان گیلانی نے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے بعد پاکستان دیگر ممالک جیسے بھارت اور ترکی کا اس فیلڈ میں مقابلہ کرنے کے قابل ہو جائے گا اور انتہائی اہم میڈیکل ٹورزم میں اپنا مقام بنانے کے لیے جلد تیار ہو گا.
اس شعبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹیم سیل علاج کے ذریعے مختلف بیماریوں بشمول کینسر، امراض قلب، آرتھرائٹس، آٹیزم، جوڑوں کے درد وغیرہ کا علاج انتہائی محفوظ طریقے سے ممکن ہے. انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بڑھتی عمر کے مسائل بشمول کمزوری، بالوں کا گرنا اور جلد کے مسائل کا بھی مکمل علاج ممکن ہو گا.
آئی آر ایم کے ترک پارٹنر، ڈاکٹر مراد آرتک نے سٹیم سیل کی افادیت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس شعبے میں آنے والی جدت اور مالی فوائد پر تفصیلات پر روشنی ڈالی.
تقریب میں ڈی جی لیگل ایڈ ڈاکٹر رحیم اعوان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ پروفیسر عامر اکرام، آئی ایچ آر اے کے سربراہ ڈاکٹر قائد سعید، سابق سفیر نائلہ چوہان اور سابق چیئرمین واپڈا جنرل مزمل حسین نے بھی شرکت کی.
