کراچی: امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی آئل کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کمپنیوں نے ملکی صارفین کو سستا پیٹرول فراہم نہ کیا تو ان پر نئے ٹیکس عائد کیے جائیں گے تاکہ جنگی حالات سے منافع کمانے کا رجحان ختم کیا جا سکے۔ اپنے خطاب میں امریکی صدر نے ان کمپنیوں پر الزام عائد کیا کہ یہ یوکرین میں جاری تنازع کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ وزیر توانائی جینیفر گران ہولم کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیوں نے اس قدر زبردست منافع کمایا ہے کہ یقین نہیں ہوتا، یہ خود غرضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیاں اسلئے منافع نہیں کما رہیں کہ انہوں نے کوئی نیا کام کر دکھایا ہے یا کچھ ایجاد کیا ہے، بلکہ ان کے منافع جات کی وجہ یوکرین کا تنازع ہے جس کی وجہ سے دنیا کے لاکھوں کروڑوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان آئل کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صارفین کے مفاد میں اقدامات کریں۔
امریکی صدر نے منافع خور آئل کمپنیوں کو نئے ٹیکسوں کی دھمکی دیدی، پیٹرول سستا کرنیکا مطالبہ








