بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پائپ لائنوں سے گیس کی عدم دستیابی ،گھریلو اور کمرشل صارفین کوسلنڈروں کے ذریعے ایل پی جی کی فری ڈیلیوری کا آغاز

اسلام آباد(ممتازنیو)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) نے بدھ سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سلنڈروں کے ذریعہ ایل پی جی باقاعدہ فری ڈلیوری شروع کر دی گھریلو اور کمرشل صارفین کو حکومتی نرخوں پر مارکیٹ سے ارزاں قیمت ایل پی جی فراہم کی جائے گی ، ایس این جی پی ایل اسلام آباد ریجن کے جنرل منیجر خرم ایوب خان نے عوامی سہولت کیلئے شروع کردہ اس نئے پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پوری دنیا گیس کی قلت سے دو چار ہے اور عالمی سطح پر گیس کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں اس صورتحال سے پاکستان میں بھی بری طرح سے متاثر ہوا ہے تاہم وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو گیس کی قلت کی وجہ سے ہونیوالی مشکلات سے بچایا جائے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ایس این جی پی ایل نے گھریلواور کمرشل صارفین کی سہولت کیلئے سلنڈر سروس فری ہوم ڈلیوری کے ساتھ شروع کر دی ہے۔ جنرل منیجر خرم ایوب خان نے بتایا کہ وہ گھریلو اور کمرشل صارفین جو اس سہولت کو حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے کسٹمر سروسز سنٹرز پر باقاعدہ کائونٹر بنا دئیے گئے ہیں جبکہ ادارہ کی ویب سائٹ سے بھی درخواست فارم ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں انہوں نے بتایا کہ گھریلو صارف کیلئے 7000 سلنڈر سکیورٹی جبکہ کمرشل صارف کیلئے بڑے سلنڈر کی 20ہزار سکیورٹی مقرر کی گئی ہے اور محکمہ صارفین کی سہولت کیلئے 10 کلو میٹر کے اندر فری ہوم ڈلیوری بھی دے گا جبکہ جڑواں شہروں میں ڈلیوری پوائنٹ بھی بنائے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو بلا تعطل یہ سروس ملتی رہے انہوں نے واضح کیا کہ صارفین کو محکمہ کی طرف سے ایل پی جی حکومتی نرخوں پر ملے گی جو بازار میں نجی کمپنیوں کے مقابلہ میں خاطر خواہ سستی ہو گی انہوں نے صارفین سے کہا کہ وہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ وہ اس سے پوری طرح مستفید ہو سکیں -انہوں نے بتایا صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے بھی فوری اقدامات کئےجائیں گے-