بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بنگلہ دیش کی شکست کے بعد کیا پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔بدھ کو گروپ بی کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو پانچ رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ وہیں پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی اب تک اگر مگر کی صورتِ حال سے دوچار ہے۔
پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ کل جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی جو اس وقت ٹورنامنٹ میں واحد ناقابل شکست ٹیم ہے۔ گرین شرٹس کی سیمی فائنل تک رسائی کا دار و مدار اس میچ میں بڑی کامیابی پر ہوگا۔
اگر پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تو وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا جب کہ میچ میں کامیابی کی صورت میں اس کا اگلہ میچ مزید اہم بنا دے گی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چار میچوں کے بعد بھارت کے چھ اور تین میچز کے بعد جنوبی افریقہ کے پانچ پوائنٹس ہیں۔ یہ دونوں ٹیمیں اس گروپ سے سیمی فائنل کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کے چار میچوں کے بعد چار پوائنٹس ہیں جبکہ زمبابوے کی ٹیم تین پوائنٹس حاصل کرسکی ہے، البتہ وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہے۔
اگر پاکستان ٹیم جمعرات کو جنوبی افریقہ جب کہ اتوار کو بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دی تو اس کے بھی چھ پوائنٹس ہو جائے گے۔ تاہم اگر بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہرا دیا تو اس کے بھی چھ پوائنٹس ہوں گے اور پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
اتوار کو ہی جنوبی افریقہ کا میچ نیدرلینڈ سے ہوگا جس میں کامیابی پروٹیز کو سیمی فائنل تک پہنچا دے گی، جس کے بعد پاکستان یا بنگلہ دیش جس ٹیم کے بھی چھ پوائنٹس ہوں گے وہ اپنے آخری میچ کے بعد پوائنٹس کے حساب سے بھارت کے برابر ہوں گے۔
تاہم سپر 12 مرحلے کا آخری میچ بھارت اور زمبابوے کے درمیان ہوگا جس میں اگر بھارتی ٹیم فتح حاصل کرلیتی ہے تو جنوبی افریقہ کے ساتھ وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔یہ میچ اگر بارش سے متاثر ہوا تو اس صورت میں بھی پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوجائیں گی۔