بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیف سٹی منصوبے کے ذریعے صنعتی و کاروباری علاقوں میں سیکورٹی کو مزید بہتر کریں گے۔ رومیل اکرم

اسلام آباد (ممتازنیوز ) اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل سیف سٹی رومیل اکرم نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو فعال بنا کر مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کریں گے تاکہ کاروباری برادری پرسکون ماحول میں کاروبار کو فروغ دے سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں کیمرے نصب کرنے پر توجہ دے جن کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا جائے گا تاکہ امن و مان کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت مخصوص جگہوں پر کیمرے لگائے گئے ہیں جو شہر میں چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم جگہوں پر ایسے کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جو چہرے کی شناخت کرتے ہیں جس سے جرائم پیشہ افراد کو پکڑنا آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایگل سکواڈ بھی تیار کیا گیا ہے جو ہر وقت شہر میں پیٹرولنگ کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں میں ایک مہم چلا کر نوجوانوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے تا کہ شہر میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا میں منشیات کے تدارک کیلئے ایک سٹوڈینٹ پولیس کے نظام کو فروغ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیف سٹی منصوبے کو مزید فعال بنانے کے اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہا رکیا کہ اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے میں بزنس کمیونٹی اسلام آباد پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں کیش اور موبائل فون چھیننے سمیت دیگر وارداتیں ہوتی رہتی ہیں لہذا کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں پولیس کا گشت بھی بڑھایا جا ئے جس سے وارداتوں میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ کہوٹہ انڈسٹریل ایریا میں سیکورٹی کی صورتحال اتنی تسلی بخش نہیں ہے جس وجہ سے خاص طور پر خواتین انٹرپرینیورز عدم تحفظ کا شکار ہیں لہذا وہاں پولیس کی پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، سیف الرحمٰن خان، چوہدری جاوید اقبال، شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، چوہدری محمد علی، اختر حسین، ڈاکٹر محمد عثمان، خالد چوہدری، شوکت حیات اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے اپنے علاقوں کے پولیس سے متعلقہ مسائل سے ڈی آئی جی سیف سٹی کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔