اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم جاری ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاج کیا اور فیض آباد کے مقام پر مشتعل کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
وفاقی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
فیض آباد پل پر پی ٹی آئی کارکنان نے گرین بیلٹ پر ایک درخت کو آگ لگا دی۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی جانب مظاہرین جمع ہیں، مظاہرین ڈنڈوں، غلیلوں اور پتھروں کے ساتھ اکٹھا ہیں، ان مظاہرین میں اسلحہ بردار بھی موجود ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ راولپنڈی سے مظاہرین اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں، راولپنڈی انتظامیہ سے گذارش ہے مظاہرین کو غیر قانونی عمل سے روکیں۔
ترجمان کے مطابق اسلام آبادپولیس شر پسند عناصر کی نشاندہی کر رہی ہے، راولپنڈی پولیس کی مدد سے قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ مظاہرین میں کم عمر بچے بھی موجود ہیں، والدین اپنے بچوں کو کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ بننے سے روکیں۔
پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم، فیض آباد میدان جنگ بن گیا








