راولپنڈی(ممتاز نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ادارے کے خلاف بیانات کو بے بنیاداور غیرذمہ دارانہ قراردیتے ہوئے مسترد کردیا۔اپنے ردعمل میں آئی ایس پی آر نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ادارے بالخصو ص ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیادالزامات ناقابل قبول ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کو انتہائی پیشہ ورانہ اور بہترین منظم ادارہ ہونے پر فخر ہے جس میں مضبوط اور انتہائی موثر داخلی احتساب کا نظام موجود ہے جو باوردی اہلکار کی طرف سے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر بلا امتیاز لاگو ہوتا ہے تاہم مذموم مقاصد کےلئے بے بنیاد الزامات کے ذریعے اگر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے وقار،توقیر یا تحفظ کو مجروح کیا جاتا ہے تو اس صورت میں ادارہ اپنے افسران اور جوانوں کا تحفظ کرےگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آج ادارے اور حکام کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں ، کسی کو ادارے یا اس کے سپاہیوں کو کھلی چھوٹ کے ساتھ بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان درخواست کی گئی ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کرائے اور ادارے اور اس کے افسران کے خلاف بغیر ثبوت کے لگائے گئے الزامات اور انہیں بدنام کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔
عمران خان کے الزامات مسترد،حکومت فوج اورافسران کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ،آئی ایس پی آر








