اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ عمران خان خود پر حملے کے مقدمے میں ہمیں نامزد کرنے کا شوق پورا کر لیں، ہم شامل تفتیش ہونے کیلئے تیار ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ عمران خان کو چار گولیاں نہیں لگی، ان کا غیر جانبدار میڈیکل بورڈ سے چیک اپ کروایا جائے اگر چار گولیاں عمران خان کو لگی ہو تو میں سیاست چھوڑ دونگا ورنہ عمران کو چھوڑنی ہو گی ۔
انہوں نے کہاکہ فوج ایک منظم ادارہ ہے کوئی فرد ادارے کی پالیسی کے خلاف جا نہیں سکتا اگر کوئی جائے گا تو وہ اس سے بچ نہیں سکتا ۔
انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کی توسیع سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان کافی ہے، صوبائی حکومت نے مٹھی بھر لوگوں کو احتجاج پر لگایا ہوا ہے، صوبائی پولیس ان مٹھی بھر لوگوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔
وزیرداخلہ نے کہاکہ عمران خان فتنہ فساد اورانارکی پھیلانا چاہتا ہے، عمران خان نے اسی لئے تین نام چنے ،جوڈیشری ، پاک فوج کو ایسی سیاست کیلئے استعمال کرنا ملک کیلئے تباہ کن ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملزم نوید کو تحریک انصاف نے کارکنوں نے ہی پکڑوایا ہے جتنی مرضی تفتیش ہو جاے عمران خان پر حملے کا اصل ملزم نوید ہی ہے، رانا ثنا اللہ نے کہاکہ لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت کی چار نومبر سے تیاری پوری تھی یہ لانگ مارچ کرنے میں لیٹ ہو گئے۔
عمران مقدمے میں ہمیں نامزد کرنے کا شوق پورا کر لیں، شامل تفتیش ہونے کیلئے تیار ہیں،راناثناللہ








