لاہور (ممتازنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران مجھے تین گولیاں لگیں، حملہ کرنے والے دو تھے، شائد تین بھی ہو سکتے ہیں، حملے کے بعد معاملے پر کیوں پردہ ڈالا جا رہا ہے، کوئی آزادانہ تحقیقات کیوں نہیں ہو رہیں، آزاد اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، ایجنسیاں اس کے ماتحت ہوں۔ہمیں مقبولیت کے لیے کسی پر الزام لگانے کی ضرورت نہیں۔
سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ میرے دائیں ٹانگ میں 3 گولیاں لگیں، گولیاں لگنے سے ہڈیوں متاثر ہوئی ہیں، مجھے بالکل ٹھیک ہونے میں چار سے ماہ کا عرصہ درکار ہے۔
میزبان نے سوال کیا کہ جن تین افراد پر آپ قتل کے الزامات لگا رہے ہیں ان کے خلاف کوئی ثبوت ہیں اس سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ دو ماہ قبل میرے قتل کا منصوبہ بنایا گیا، میں 24 ستمبر کو عوام میں تھا، احتجاج کر رہا تھا، جب مجھے حکومت سے نکالا گیا تو سب سمجھنے لگے تھے کہ ہماری پارٹی ختم ہو جائے گی، میرے ملک میں 30 سال سے دو پارٹیاں حکومت کر رہی تھیں، میری حکومت کو ختم کرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا میری پارٹی ختم ہو جائے گی تاہم اس دوران پی ٹی آئی کو وہ مقبولیت ملی جو ان دو پارٹیوں کے پاس نہیں تھی، اس دوران ضمنی الیکشن ہوئے تو میری جماعت نے 75 فیصد الیکشن جیتے، مجھے نا اہل کروانے کی پلاننگ ہوئی اس کے لیے ایک بڑا منصوبہ بنایا گیا، میں بتانا چاہتا ہوں اگر لوگوں کو بیک گراؤنڈ نہیں پتہ ہو گا تو وہ کیسے سمجھیں گے کہ مجھ پر کیوں حملہ ہوا، مجھے راستے سے ہٹانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں، اس کے لیے مذہبی جنونیت کا سہارا لینے کی کوشش کی گئی، اس کے لیے ایک صحافی کی طرف سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی، اس دوران وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے پریس کانفرنس کی اور کہا عمران خان عوام کے جذبات ابھار رہا ہے، اسی وقت میں عوام سے مخاطب ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ایک منصوبہ بنا ہوا ہے، یہ لوگ مجھے مروانا چاہتے ہیں، جس کیلئے مذہب کا سہارا لیا جائے گا۔
ہمیں مقبولیت کے لیے کسی پر الزام لگانے کی ضرورت نہیں: عمران خان








