بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

PTI،PDMپاور شوز تحریک عدم اعتماد کے نتیجے پر اثرانداز نہیں ہونگے

اسلام آباد (طارق بٹ) پی ٹی آئی، پی ڈی ایم پاور شوز تحریک عدم اعتماد کے نتیجے پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ پی ٹی آئی 27 مارچ کو پریڈ گرائونڈ میں جلسہ، جبکہ پی ڈی ایم 28مارچ کو احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق، پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتیں دونوں ہی وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد کے نتیجے کے لیے تیار ہیں اور علیحدہ علیحدہ وفاقی دارالخلافہ میں پاور شوز کرنے جارہے ہیں۔ تاہم، وہ چاہے کتنا بڑا جلسہ ہی کیوں نہ کرلیں

اس کا تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ پر کوئی اثر نہیں ہوگا کیوں کہ یہ فیصلہ پہلے ہی ہوچکا ہے کون کسے ووٹ دے گا۔ بظاہر ان جلسوں کا مقصد تحریک عدم اعتماد کے نتائج سے نمٹنے کی تیاری کرنا ہے۔ پی ٹی آئی 27 مارچ کو پریڈ گرائونڈ میں جلسہ کرے گی

جب کہ پی ڈی ایم 28 مارچ کو احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ وزیراعظم نے یہ بات واضح کردی ہے کہ وہ چپ چاپ گھر نہیں بیٹھیں گے اگر انہیں ہٹایا گیا تو وہ سڑکوں پر نکلیں گے۔ پاکستان بھر سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پریڈ گرائونڈ میں جمع کرکے وہ اپنے مخالفین کو جھوٹا ثابت کرنا چاہتے ہیں

کہ ان کی عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔ وہ یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ وہ اب بھی پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں۔ اپوزیشن نے مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف 23 مارچ کو جلسے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن اس میں تاخیر ہوئی

البتہ پی ٹی آئی نے 27 مارچ کو ریلی کا اعلان کیا ، جس پر پی ڈی ایم نے اپنا منصوبہ تبدیل کیا تاکہ پی ٹی آئی شو کی وجہ سے وہ غیرمقبول نہ ہوجائیں۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لیے ہی تحریک عدم اعتماد کے بعد کی صورت حال اہمیت کی حامل ہے۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور سینئر رہنماء حمزہ شہباز لاہور سے اسلام آباد ریلی کی قیادت کریں گے،

جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ وہ مستقبل کے عام انتخابات کے لیے بڑی عوامی قوت کو متحرک کرنا چاہتے ہیں۔ حالاں کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ن لیگ کے صدر شہباز شریف زیادہ متحرک ہیں۔ پی ٹی آئی جو کہ ہمیشہ ہی سیاسی میدان میں اپنا علیحدہ راستہ اختیار کرتی ہے۔ تاہم، اگر اس کی اتحادی جماعتیں ق لیگ، ایم کیو ایم، پاکستان، جی ڈی اے اس اہم وقت میں اسے تنہا چھوڑتی ہیں تو پی ٹی آئی کو یہ مشکل لڑائی تنہا لڑنی ہوگی۔

اگر مذکورہ جماعتیں پی ڈی ایم سے اتحاد کرتی ہیں تو یہ الائنس آئندہ انتخابات میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔ اشارے یہ مل رہے ہیں کہ عمران خان کی 27 مارچ کی ریلی آخری ریلی نہیں ہے اور وہ اگر عدم اعتماد کی قرارداد میں ناکام ہوئے تو آنے والے دنوں میں مزید پاور شوز کریں گے۔