بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پرویز الٰہی کے ایک بار پھر عمران خان پر تنقید کے وار ، مذہب کارڈ کھیلنے کا الزام لگا دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کا نام لئے بغیر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے ان پر مذہب کارڈ استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہب کا نام استعمال کرنے والوں کو فنگس لگے گا ۔

انہوں نے اسلام آباد میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے جلسوں کے بارے میں سوال پر کہا کہ جلسوں سے حکومتیں جانا ہوتیں تو اب تک 100حکومتیں جاچکی ہوتی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے بات چیت میں پرویز الٰہی نے ایک بار پھر حکومت سے ق لیگ کی علیحدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ہنڈیا تو پک چکی اب تو تقسیم ہو رہی ہے

جبکہ آدھی تو تقسیم ہو بھی چکی ہے ۔پرویز الٰہی نے حکومت کی طرف سے منحرف اراکین کی ناہلی کا معاملہ سپریم کورٹ میں لے جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جرم ہوا نہیں عدالت پہلے پہنچ گئے ،
ووٹ کاسٹ نہیں ہوا ریفرنس دائر ہو گیا جبکہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ووٹ کاسٹ بھی ہوں گے اور شمار بھی ہوں گے۔

پرویز الٰہی نے ن لیگ کے سربراہ نوازشریف کی طرف سے پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کی صورت میں انہیں ن لیگ کا وزارت اعلیٰ کا امیدوار تسلیم کرنے سے انکار کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے تناظر میں نوازشریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لگتا ہے کہ بیرون ملک بیمار کو ابھی طبیعت کے مطابق دوا نہیں مل رہی ۔

ایک اور سوال پر پرویز الٰہی نے کہاکہ ابھی بہت سے ادا کار تبدیل ہونے ہیں اورنئے سیزن میں کئی نئے کردار بھی آنے والے ہیں ۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ق لیگ نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے ۔