اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )جمہوری وطن پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور بلوچستان شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پاکستان کی قوم سے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا، جس طرح یہ اپوزیشن پر تنقید کررہے ہیں یہ سیاسی اخلاقیات سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے 3 سال چلے، ہم نے بڑی کوششیں کیں کہ کچھ بہتری آسکے، کئی بار ان کے پاس گئے، ہمیں مینڈیٹ دیا گیا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان اور بہتری آئے، ہمیں جو ذمہ داری دی گئی تھی اس کے لیے ہم نے بڑی کوشش کی لیکن ہم حکومت اپنی جانب سےکچھ نہ ڈلیور کرسکی۔
واضح رہے کہ 2018 میں جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) کے صدر اور این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے شاہ زین بگٹی نے حکومت سازی کے لیے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
تحریر جاری ہے
گزشتہ سال بلوچستان میں مستقل امن اور ترقی کے لیے ناراض بلوچوں سے بات چیت کرنے کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے شاہ زین بگٹی کو صوبے میں مفاہمت اور ہم آہنگی کے لیے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔









