ممبئی : بھارتی ریاست اتر کھنڈ کے شہر ہلدوانی میں دلہن نے منگیتر سے اس وقت شادی سے انکار کر دیا جب اسے معلوم ہوا کہ اس کیلئے لایا گیا لہنگا سستا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لڑکی کی منگنی ہو چکی تھی ، دلہن کو جب معلوم ہوا کہ دلہے کی فیملی کی جانب سے جو لہنگا آیاہے اس کی قیمت صر ف دس ہزار بھارتی روپے ہے تو اس نے شادی سے ہی انکار کر دیا ۔لڑکی کی شادی رانی کھیت کے رہائشی نوجوان سے طے تھی جوکہ صحت کے شعبے میں ملازمت کرتا تھا ، ان کی منگنی جون میں ہوئی اور شادی کے کارڈز بنٹ چکے تھے جوکہ پانچ نومبر کو ہونی تھی ۔
مقامی رپورٹس کے مطابق لڑکے کے والدنے لڑکی کو منانے کیلئے اپنا اے ٹی ایم کارڈ تک تھما دیا تاکہ وہ اپنی پسندکا لہنگا خرید سکے ،لیکن کوئی حل نہیں نکل سکا اور معاملہ مقامی پولیس کے پاس جا پہنچا ، گھنٹوں کی گرم بحث کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہ نکلا تو دونوں فیملیز نے فیصلہ کیا کہ رشتہ یہیں ختم کیا جائے ۔پولیس کی جانب سے دونوں فریقوں کے درمیان صلح کی کڑی کوشش کی گئی لیکن وہ ناکام رہے ، دونوں پارٹیوں کو یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ کسی حل پر نہیں پہنچ سکتے جس کے باعث شادی منسوخ کرتے ہوئے رشتہ ختم کر دیا گیا ۔









