بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئیڈیاز 2022 میں پاک فضائیہ کے طیارے شائقین کی توجہ کا مرکز

کراچی:کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار، آئیڈیاز2022 کے گیارہویں ایڈیشن کی تقریبات عروج پر ہیں۔
جمعرات کو ایونٹ کا تیسرا دن پرائیڈ آف پاکستان جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینرطیاروں کے سٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین کی خصوصی دلچسپی کے حوالے سے نمایاں رہا۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے پویلین میں دکھائے گئے طیاروں میں غیر ملکی مندوبین اور عسکری حکام نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا جب کہ حاضرین، مندوبین اور غیر ملکی معززین کو ان طیاروں کے جائزے کے ساتھ ساتھ ان کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں بھی مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔
ڈسپلے میں شامل طیاروں نے اپنے جدید ڈیزائن اور تکنیکی خصوصیات کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعریفیں سمیٹیں۔ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، این اے ایس ٹی پی جو کہ انتہائی اہمیت کا حامل ایک قومی منصوبہ ہے۔
تقریب میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا پروجیکٹ رہا۔ سربراہ پاک فضائیہ کے وژن اور اقدامات کی بدولت این اے ایس ٹی پی پراجیکٹ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے حاضرین کو این اے ایس ٹی پی روجیکٹ کے بنیادی عناصر، ذیلی منصوبوں اور مستقبل کے ممکنہ اختراعات کے بارے میں بریفنگ دی۔
این اے ایس ٹی پی کے مختلف پروگراموں کی تصوراتی ویڈیوز دکھائی گئیں تاکہ پروجیکٹ کے تحت قائم کردہ مختلف ونگز کی مجموعی کارکردگی کا خاکہ پیش کیا جا سکے۔
حکومت کے مکمل تعاون اور پاک فضائیہ کی سرپرستی میں،این اے ایس ٹی پی کے پلان میں جدید ترین اسپیشل ٹیکنالوجی زون ، ہاؤسنگ، ہائی ٹیک ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز؛ ڈیزائن سینٹرز؛ عوامی، نجی، قومی اور بین الاقوامی ہوا بازی کی صنعت؛ تجارتی اور دفاعی طیاروں، ایوی ایشن لاجسٹکس، ایکسپو سینٹرز کا قیام اور جدید پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے لیے ایم آر او سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔
نمائش میں قومی اور بین الاقوامی سامعین کی جانب سے پروجیکٹ کے وسیع منصوبوں کو سراہا گیا۔یہ میگا ایونٹ مستقبل میں دوست ممالک کے ساتھ دفاعی اور خاص طور پر این اے ایس ٹی پی جیسے منصوبوں میں تعاون کے لیے راہ ہموار کرے گا، اور ڈیزائن، تحقیق، ترقی اور ہوا بازی، خلائی اور سائبر ڈومینز میں جدت طرازی کے لیے، ضروری عناصر سے لیس ایک بہترین ماحول فراہم کرے گا۔
یہ نمائش بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کے لیے ممکنہ خریداروں اور ڈویلپرز کو راغب کرنے میں بھی مدد دے گی۔