بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معیشت کی ترقی پائیدار امن قائم اور قومی ترقی کے فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت ضروری:سپیکرقومی اسمبلی

 

 

 

اسلام آباد:  اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمانی جمہوریت ہی ملک میں انسانی حقوق، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کا واحد محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین SDGs کے ترقیاتی ایجنڈے میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان کی ترقی میں خواتین کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون سازی، معیشت اور سیاست میں خواتین کے کردار کے بغیر قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹ سرویس (PIPS) میں فیڈرل ویمن پارلیمانی کاکس (WPC) کے زیر اہتمام ’’نیشنل کانفرنس آف ویمنز پارلیمانی کاکسز‘‘ کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر نے سیکرٹری ڈبلیو پی سی محترمہ شاہدہ رحمانی کو خواتین کی پارلیمانی کاکس کی قومی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا ممکن ہوا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خواتین قانون سازوں کو ایک چھت تلے جمع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہمیشہ اپنی ساتھی خواتین کی زندگیوں میں پائیدار تبدیلی لانے اور بین الصوبائی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عزم کو دہراتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے میں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان دو بار منتخب وزیر اعظم کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو کسی بھی مسلم ملک کی پہلی خاتون منتخب وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے اور وہ زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔

سیکرٹری ڈبلیو پی سی محترمہ شاہدہ رحمانی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی کا وویمن پارلیمانی کاکس کی قومی کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستان کی ترقی میں خواتین پارلیمنٹرینز کے وسیع کردار پر روشنی ڈالتے ہو کہا کہ پاکستان کی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا وویمن پارلیمانی قومی کانفرنس معاشرے میں خواتین کے کلیدی کردار اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔انہوں نے خواتین کی ترقی اور انہیں فیصلہ میں شامل کرنے کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور محترمہ نصرت بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔جرمن سفیر نے کہا کہ “جرمنی خواتین کو بااختیار بنانے کی حمایت کرتا ہے کیونکہ فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت اور شرکت پائیدار ترقی اور پرامن معاشروں کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔

محترمہ آسیہ ناصر صدر، ریسیلینٹ ویمن نیٹ ورک نے خواتین کے حقوق کو فروغ دینے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ان کی شراکت بڑھانے کے لیے پالیسی میں خواتین پارلیمنٹرینز کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی انتھک کوششوں کا اعتراف کیا، اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے دیگر تمام خواتین پارلیمنٹرینز کے کردار کو بھی سراہا۔

سابق سیکرٹری ڈبلیو پی سی محترمہ نفیسہ شاہ نے ڈبلیو پی سی کے ایشو پر مبنی وابستگیوں کے قابل قدر کاموں پر روشنی ڈالی۔ ممبر قومی اسمبلی محترمہ کشور زہرہ نے صنفی امتیاز اور عدم مساوات پر بات کرتے ہوئے ہر شعبے میں خواتین کی نمایاں نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے مزید پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
سینیٹر ثناء جمالی نے سپیکر قومی اسمبلی اور سیکرٹری ڈبلیو پی سی کی جانب سے وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

خواتین کی پارلیمانی کاکس کی قومی کانفرنس میں پاکستان بھر سے خواتین سینیٹرز، وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں، قانون سازی اسمبلی آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی خواتین اراکین، دانشوروں اور خواتین گریجویٹس نے شرکت کی۔