اسلام آباد (ممتازنیوز) زیر تربیت غیر ملکی سفارت کاروں کے ایک وفد نے فارن سروس اکیڈمی آف پاکستان کے ڈائریکٹر (پروگرام) عرفان شوکت کی قیادت میں جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد میں کوٹ ڈی آئیور، جبوتی، قازقستان، نکاراگوا، ساموا، جزائر سلیمان، جنوبی سوڈان، تنزانیہ، گیمبیا، ٹوگو، یوگینڈا اور ٹرکش ریپبلک آف ناردرن سائپرس کے سفراء شامل تھے جو فارن سروس اکیڈمی آف پاکستان میں 28ویں جونیئر ڈیپلومیٹک کورس میں زیر تربیت ہیں۔
سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے انہیں معیشت کے فروغ میں چیمبرکے کردار کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارتکار اپنے ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دیں۔
انہوں نے کہا کہ افریقہ ایک بڑی مارکیٹ ہے اورپاکستان اس کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افریقی ممالک پاکستان کے ساتھ براہ راست فضائی روابط قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے پاکستان اور ان ممالک کے مابین تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئرز، فارماسیوٹیکل،، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، آلات جراحی، ماربل اینڈ گرینائٹ اور چاول سمیت دیگر مصنوعات برآمد کر رہا ہے جو افریقہ اور سنٹرل ایشیاء کی مارکیٹوں میں بہتر مقبولیت حاصل کرسکتی ہیں۔
فارن سروس اکیڈمی آف پاکستان کے ڈائریکٹر (پروگرام) عرفان شوکت نے کہا کہ غیر ملکی سفارت کاروں کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں لانے کا مقصد انہیں کاروباری برادری کے ساتھ بات چیت کرنے اور کاروباری معاملات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اکنامک ڈپلومیسی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ فارن سروس اکیڈمی اب تک 49ممالک کے 1500سے زائد سفارتکاروں کو ٹریننگ فراہم کر چکی ہے۔ سفارت کاروں نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بہت سے سوالات کیے اور کاروباری برادری سے تفصیلی جوابات حاصل کیے۔
زیر تربیت غیر ملکی سفارتکاروں کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ، احسن ظفر بختاوری نے بریفنگ دی








