بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انتظامی افسران عوام کے خادم، دفاتر میں بیٹھنے کی بجائےعلاقوں کے دورے کریں ،وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود کو عوام کا خادم سمجھیں ، دفاتر میں نہ بیٹھیں اور مسائل جاننے کیلئے علاقوں کے دورے کریں ۔
کوئٹہ میں ڈی سی آواران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پرڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں وزیر اعلیٰ شکایت مراکز قائم کریں گے ،یہ مراکز ، چیف منسٹر سینٹرل کمپلینٹ سیل سے ڈائریکٹ لنک ہوں گے،سائلین کی شکایات اور متعلقہ ضلعی افسر کی جانب سے انکے حل کے اقدامات کی موثر نگرانی کی جائے گی، مسائل کم کرنا مشن اور سہولت دینا ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اضلاع میں امن امان کا قیام ڈپٹی کمشنروں کی ذمہ داری ہے ،اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ان کی نگرانی بھی ڈپٹی کمشنروں کے فرائض میں شامل ہے ،یہ امر باعث اطمینان ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ افسران عوام کے لئے اپنے دروازے ہمیشہ کھلیں رکھیں اور ان کے مسائل سے آگاہی اور مسائل کا فوری حل ممکن بنائیں ،افسران عوام سے عزت و احترام اور اپنائیت سے پیش آئیں تاکہ انکا اداروں پر اعتماد پختہ ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ ذرائع مواصلات کی بہتری اور روڈ کنیکٹیویٹی کے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں ،شعبہ مواصلات کے لئے اربوں روپے مختص ہیں ،ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کے لئے محکمہ مواصلات کو بھرپور تعاون فراہم کریں ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی طر ف سے وزیراعلیٰ کو ضلع آواران میں امن امان ،ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ  کے حالیہ دورہ آواران میں اعلان کئے گئے منصوبوں اور ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی آگاہی کیا۔