بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نےبطور چیف سکاؤٹ گلگت بلتستان حلف اٹھالیا

اسلام آباد(ممتازنیوز) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نےبطور چیف سکاؤٹ گلگت بلتستان حلف اٹھالیا۔اس ضمن میں تقریب نیشنل ہیڈ کوارٹر بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد میں منعقد ہوئی، چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسو سی ایشن سرفراز قمر ڈاھا نے گورنر گلگت بلتستان سے بطور چیف اسکاؤٹ گلگت بلتستان حلف لیا ۔ قبل ازیں نیشنل ہیڈ کوارٹرز پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسو سی ایشن پہنچنے پر بوائے اور گرلز اسکاؤٹس نے اسکاؤٹ آفیشلز کے ہمراہ مہمان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ اسلام آباد بوائے ا سکاؤٹس ایسو سی ایشن سے تعلق رکھنے والی گرل اسکاؤٹ نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر و چیف اسکاؤٹ گلگت بلتستان نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے حکام بالا کا اس تقریب کے انعقاد پر شکریہ ا دا کیا اور اس عزم کا اعاد کیا کہ گلگت بلتستان میں بوائے اسکاؤٹس کی ترقی و ترویج میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں گے۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسو سی ایشن موجودہ وقت میں نوجوانوں کی بہترین نشونما میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے جس کے لئے وہ چیف کمشنر کو مبارکباد پیش کرتے ہیںاور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسو سی ایشن  سر فراز قمر ڈاھا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر و چیف اسکاؤٹ کا اس تقریب کے لئے قیمتی وقت نکالنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صوبائی اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹرز نہ ہونے کے باوجود اس وقت 35ہزار سے زائد اسکاؤٹس اپنی خدمات سرانجام دے رہیں جس میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے اور ا س کےلئے انہوں نے گلگت بلتستان کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر کے لئے خصوصی طور پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے اسکاؤٹس کسی بھی ہنگامی صورتحال اور ایمرجنسی رسپانس کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیںاور قومی سطح پر ہونے والے مقابلہ جات میں بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے ہیں۔
چیف کمشنرنے گورنر و چیف اسکاؤٹ کو یقین دلایا کہ نیشنل ہیڈ کوارٹرز پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسو سی ایشن گلگت بلتستان میں بوائے اسکاؤٹس کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
تقریب میں جوہر علی سد پارہ ،صوبائی اسکاؤٹ سیکرٹری گلگت بلتستان جبکہ نیشنل ہیڈ کوارٹرز سے رباب خان، ڈائریکٹر ریسورس ڈویلپمنٹ ، نیک اختر جاوید ، ڈائریکٹر یوتھ پروگرام، لیاقت علی اعوان، ڈائریکٹر اڈلٹ ٹریننگ، محمد توصیف صدیقی، شاہد سلیم، صوبائی سیکرٹری اسلام آباد موجودتھے۔