بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت نے الیکشن کمیشن کو 15 ارب روپے دینے کی منظوری دے دی، نجی ٹی وی کا دعویٰ

اسلام آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو  15 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے ،الیکشن کمیشن کے لیے رواں مالی سال کے لیے منظور شدہ رقم میں سے 5 ارب روپے فوری طور پر جاری کیے جائیں گے جب کہ باقی رقم قسطوں میں ادا کی جائے گی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری  دی  گئی ہے، ای سی سی نے فنانس ڈویژن کو باضابطہ طور پر کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ سکیم کے عنوان سے کم آمدنی والے افراد کے لیے نئی ہاؤسنگ سکیم شروع کرنے کی اجازت  بھی دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  منصوبے کے لیے سیکنڈ سپلیمینٹل ٹرسٹ ڈیڈ کے ذریعے عالمی بینک سے 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی جائے گی تاکہ ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کو رسک کور فراہم کیا جاسکے، فنانس ڈویژن کی سمری کے مطابق بنیادی قرض دہندگان شہریوں کو کم شرح سود پر درمیانی اور طویل مدت کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ (پی ایم آر سی) کو حکومت پاکستان اور کمرشل بینکوں کے جوائنٹ وینچر کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کسان پیکج کے تحت یکم نومبر سے بجلی کے ٹیوب ویل کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 60 پیسے کم کرکے ٹیرف کو 13 روپے کلوواٹ آور (کے ڈبلیو ایچ) کردیا گیا، کمی کا مقصد کسانوں کو سیلاب اور شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنا ہے۔

اجلاس نے تمباکو کی کم از کم انڈیکیٹو قیمتوں کی منظوری بھی دی، اس دوران ای سی سی نے کے الیکٹرک کے یکساں ٹیرف سے متعلق پاور ڈویژن کی سمری کی بھی منظوری دی، سمری میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف کو برقرار رکھنے کے لیے کے الیکٹرک کے قابل اطلاق یکساں متغیر چارج میں رد و بلند کی ضرورت ہے تاکہ جنرل سپلائی ٹیرف- ریزیڈینشل، جنرل سپلائی ٹیرف – کمرشل، انڈسٹریل سپلائی ٹیرف، بلک سپلائی ٹیرف، ایگریکلچر ٹیرف پبلک لائٹنگ کے یکساں ٹیرف کی 4 ماہ کے دوران وصولی کی جائے۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ یہ ایڈجسٹمنٹ اکتوبر سے جنوری 2023 تک استعمال کی گئی بجلی پر لاگو ہوگی جو صارفین سے دسمبر سے مارچ 2023 کے درمیان جاری ہونے والے بلوں میں وصول کی جائے گی۔

سیلاب سے متعلق میڈیا کوریج کے لیے ضمنی گرانٹ کے طور پر 2 ارب روپے کی بھی منظوری دی گئی، یہ رقم حکومتی اقدامات، پروگرامز اور منصوبوں سے متعلق آگاہی کے لیے جامع میڈیا مہم شروع کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔