اورکزئی: خیبرپختونخوا میں ضلع اورکزئی کے علاقے ڈاولی میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 9 مزدور جاں بحق جبکہ 4 کو زندہ نکال لیا گیا۔
اورکزئی کے ڈپٹی کمشنر عدنان فرید اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نذیر خان کے مطابق لوئر اورکزئی کے علاقے ڈاولی میں 13 افراد کوئلے کی کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک کوئلے کی کان بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد دب گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئلے کی کان میں کُل 13 افراد کام کر رہے تھے جن میں 4 افراد کو زندہ نکال لیا گیا اور اُنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ اس افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں جاں بحق 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ضلعی پولیس، محکمہ مائنز و منرل کے اہلکار اور عملے نے حصہ لیا۔
مزید کہا گیا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو اُن کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا جبکہ کچھ افراد کی لاشیں اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔
کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمود اسلم وزیر نے بتایا کہ قبائلی ضلعے اورکزئی میں کوئلے کی کان میں شہید اور زخمی ہونے والے مزدوروں کو درپیش حادثے پرگہرا رنج و غم ہے۔
انہوں نے زخمیوں کوفوری طور پر مؤثرطبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مزید بتایا گیا کہ کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنراورکزئی موقع کی بذات خود نگرانی کررہے ہیں، انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کوالرٹ جاری کردیا ہے۔
محمود اسلم وزیر نے واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ ٹھیکہ داروں کوسختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ مزدوروں کو مروجہ جدید ترین اوزار اورآلات فراہم کریں، بے احتیاطی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئلے کی کان میں 2500 فٹ کی گہرائی میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 9 کارکن موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
کمشنر نے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ ان کو ہر سطح پر بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا: اورکزئی میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی، 9 مزدور جاں بحق








