اسلام آباد: وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک روزہ جاب فیئر اور سٹوڈنٹس انٹرپرونیورشپ گالا کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری و نجی اداروں اور کمپنیوں کےنمائندوں نے شرکت کی اور اردو یونیورسٹی کے طلباء کے انٹرویو کئے اور طلباء کو اپنے اداروں میں ملازمت اور انٹرن شپ کی پیشکش کی ۔طلباء کی کثیر تعداد نے انٹرویوز میں حصہ لیا جبکہ طلباء کی طرف سے مختلف سٹالز پر اپنے پراجیکٹس سے متعلقہ اشیاء نمائش کے لیئے پیش کی گئی ۔ اس کے علاوہ طلباء کی طرف سے مختلف اشیاء خورد و نوش کے سٹال بھی لگائے گئے ۔ جاب فیئر کا انعقاد سٹوڈنٹس پلیس منٹ بیورو کے سربراہ جناب موسی کلیم کی جانب سے کیا گیا جبکہ محمد تنویر الدین ڈپٹی رجسٹرار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تمام تر انتظامی امور کی ذمہ داری سرانجام دیں ۔ جناب طارق خان جدون صدر راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز اور جناب نعیم اشرف سینئرنائب صدر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انچارج اسلام آباد کیمپس ڈاکٹراحتشام الحق پڈا صاحب نے انچارج صدور شعبہ جات تدریسی و انتظامی کے ہمراہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جاب فئیر میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انچارج اسلام آباد کیمپس نے بتایا کہ اب تک وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد سے 36 ہزار سے زائد طلباء فارغ التحصیل ہو چکے اور ان میں سے بیشتر مختلف ملکی و بین الاقوامی اداروں میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔جاب فئیر کے ذریعے ہم اپنے طلباء کو براہ راست کمپنیوں اور اداروں سےرابطےکا موقع فراہم کررہے ہیں جس میں طلباء اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے لئیے ایک بہترین روزگار حاصل کرسکتے ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر جناب موسی کلیم کی جانب سے شرکاء میں اعزازی شیلڈ تقسیم کی گئی اور وفاقی اردو یونیورسٹی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا ۔
مختلف سرکاری و نجی اداروں کی وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلباء اپنے اداروں میں ملازمت اور انٹرن شپ کی پیشکش








