بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صوبہ ہزارہ کے رہنمائوں کا نئے صوبوں کے قیام کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم

اسلام آباد (ممتاز نیوز)چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر پارلمانی امور مرتضی جاوید عباسی، وفاقی وزیر سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود ،پارلیمانی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سجاد اعوان، مشیر وزیراعظم سردار شاہ جہان یوسف مرکزی کو آرڈی نیٹر صوبہ ہزارہ تحریک پروفیسر سجاد قمر اور ممبران سپریم کونسل نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی طرف سے نئے صوبوں کے قیام کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے۔اور کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ سمیت نئے صوبے بنائے جائیں ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ ہزارہ صوبہ انتظامی بنیادوں پر بہترین صوبہ بننے کا اہل ہے۔ہزارہ کے لوگوں نے صوبے کے قیام کے لیے سات جانوں کی قربانی دی اور گزشتہ بارہ سال سے مسلسل احتجاج پر ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ گورننس کا ہے۔چھوٹے یونٹ بننے سے انتظامی مسائل میں کمی ہو گی ۔انھوں نے کہا نئےصوبے بننے سے کوئی قیامت نہیں آئی گی۔عوام کے مسائل حل ہوں گے۔آئین اور قانون لوگوں کی سہولت کے لیے ہوتا ہے۔بوقت ضرورت اس میں ترامیم کی جا سکتی ہیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے صوبوں کی پارلیمانی کمیٹی جلد اجلاس منعقد کرے گی اور تیزی سے اپنا کام کر کے صوبہ ہزارہ سمیت نئے صوبوں کی سفارش کرے گی۔