بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر علوی ،پرویز الٰہی کاعمران خان کو فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ ،بیک ڈور مذاکرات کی کوششیں پھر تیز

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔عرب ویب سائٹ ’’ اردو نیوز‘‘کے مطابق پی ٹی آئی کے ایک اہم رہنما نے بتایا کہ صدر مملکت اور پرویز الٰہی نے ایک بار پھر سے بیک ڈور مذاکرات کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جس میں قبل از وقت انتخابات کروانے کے حوالے سے تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے عمران خان نے حکومت کو مشروط مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے اسمبلیاں توڑنے کے موقف میں لچک کا مظاہر کیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں روایت ہے کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ ہوتے ہیں اس لیے بڑی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹنے کی صورت میں یا تو حکومت کو وہاں علیحدہ سے نئے انتخابات کروانے پڑیں گے یا پھر قومی اسمبلی اور باقی دو صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرکے جلد ایک ساتھ انتخابات کروانے ہوں گے۔ دونوں صورتوں میں ایک بڑا سیاسی بحران پیدا ہو سکتا ہےاگر عمران خان اس بار اپنے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر عمل درآمد کی طرف پیش قدمی بھی کریں تو ان کے راستے میں کئی رکاوٹیں ہیں۔ سب سے بڑی رکاوٹ تو وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی ثابت ہو سکتے ہیں۔ پرویز الہی ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما ہیں، تاہم وہ اپنی علیحدہ شناخت رکھتے ہیں اور پنجاب خاص کر گجرات میں ان کے حالیہ ترقیاتی کاموں سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ الیکشن سے قبل اپنی حکمرانی سے سیاسی قوت میں اضافہ چاہتے ہیں۔ پرویز الہی عمران خان کے روالپنڈی کے احتجاج میں بھی شریک نہیں ہوئے اور اس سے قبل عمران خان پر حملے کے بعد ان کی مرضی کی ایف آئی ار درج کرنے میں بھی پس و پیش سے کام لیتے رہے ہیں، اگر پرویز الٰہی نہ مانے تو عمران خان اس پوزیشن میں نہیں کہ انہیں اسمبلیاں توڑنے پر مجبور کر سکیں۔