بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آبی ذخائر میں پانی کی کمی ، این ای او سی کی قبل ازوقت جامع منصوبہ بندی کی ہدایت

اسلام آباد:نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر( این ای او سی ) نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں موسم سرما میں معمول سے کم بارشوں کی وجہ سے آبی ذخائر میں پانی کی ممکنہ قلت کو دور کرنے کے لیے قبل از وقت جامع منصوبہ بندی یقینی بنائیں ۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی ) کا اجلاس جمعہ کو یہاں چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزارت تحفظ خوراک و تحقیق، وزارت ریلوے، محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن (FFC)، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی محکموں نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے ابتک کی پیش رفت سے فورم کو آگاہ کیا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ رواں موسم سرما کے دوران ملک میں بارشیں معمول سے کم ہوسکتی ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم نے ہدایت کی کہ اس صورتحال کے پیش نظر آبی ذخائر میں پانی کی ممکنہ قلت کو دور کرنے کے لیے قبل از وقت جامع منصوبہ بندی یقینی بنائی جائے۔ فورم کو وزارت ریلوے اور این ایچ اے حکام کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں مواصلاتی نظام کی بحالی اور تعمیر نو سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ تعمیر نو کے منصوبوں میں قدرتی آفات کے نقصان کو برداشت کرنے کی صلاحیت اور پائیدار ڈھانچے پر خصوصی توجہ دی جائے۔قومی ادارہ صحت کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مختلف وبائی امراض میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ مختلف امراض سے بچائو کی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے ۔وزارت تحفظ خوراک و تحقیق اور این آئی ٹی بی کے نمائندوں نے متاثرہ کسانوں کو کیش ریلیف فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ڈیجیٹل ایپ اور کسانوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکاء کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی) کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی روابط کار سے متعلق اپنے وژن سے بھی آگاہ کیا۔