راولپنڈی (ممتازرپورٹ)نیو اسلا م آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کراچی جانے کےلیے پہنچے تو وہاں پرپہلے سے موجود کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے نوجوانوں نے ’’لوٹا لوٹا‘‘ کے نعرے لگانا شروع کردیئے جس پر کنور نوید نے ان سے کہاکہ آپ لوگوں کا اپنا ایجنڈا ہے لگے رہو ۔ اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے اپوزیش کا ساتھ دینے کے فیصلے کے تناظر میں گزشتہ روز ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جب کراچی جانے کےلئے اسلام آبادایئرپورٹ پہنچے تو ائیرپورٹ کے اندر موجود چند نوجوانوں نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تین ماہ قبل آپ ، آپ کی خواتین اور بچوں کو سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت نے تشدد کا نشانہ بنایاآپ کو شرم نہیں آئی آج ان کے ساتھ مل گئے ہیں، تین سال پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر وزارتوں کے مزے لوٹے ۔کنور نوید نے ہاتھ میں بریف کیس اٹھا رکھا تھا جس پر ایک نوجوان نے کہاکہ اس میں کتنے پیسے ہیں یا پھر سوئس اکاؤنٹ میں ڈالوا لئے ہیں، الطاف حسین اب کبھی واپس نہیں آئے گا۔ کنور نوید نے نوجوانوں سے کہاکہ تم سرکاری خرچے پر جلسےمیں شرکت کرنے آئے تھے اور اب سرکار کے خرچے پر ہی واپس جارہے ہو جس پر ایک نوجوان نے کلمہ پڑھ کر کہاکہ ہم اپنے خرچے پر آئے تھے اور اپنی جیب سے ٹکٹ خرید کر واپس کراچی جارہے ہیں ،ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف پاکستان ہے، کنورنویدنوجوانوں سے گفتگو کے دوران چلتے رہے اور کسی بھی لمحے نہیں رکے اس دوران نوجوانوں نے لوٹا لوٹا اور غدار غدار کے نعرے بھی لگائے۔
Classic Chitrol of MQM’s Kanwar Naveed Jameel by citizens at Islamabad airport pic.twitter.com/iheTU4zM85
— Anees ☪ Official (@Aneesparekh1) March 30, 2022









