بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک عدم اعتماد پر بحث آج ہو گی،قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس آج (جمعرات) شام چار بجے ہوگا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ۔تحریک اعتماد پر بحث ایجنڈے  میں شامل ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر بحث ہو گی،ایجنڈے میں تحریک عدم اعتماد چوتھے نمبر پر رکھی گئی ہے۔تحریک عدم اعتماد سے پہلے وقفہ سوالات اور ایک توجہ دلاو نوٹس شامل ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کریں گے۔

تحریک عدم اعتماد پر متحدہ اپوزیشن نے اپنے ووٹ پورے کرلیے ہیں ۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں بلوچستان عوامی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے بھی عمران خان کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کی نمبر گیم 177 ہوگئی ہے جب کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 172 ووٹ درکار ہیں۔  اگر تحریک انصاف کے منحرف ارکان کو بھی شامل کرلیا جائے تو متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 199 بن جاتی ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے 28 مارچ کو قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے تحریک پیش ہونے کے بعد اجلاس 31 مارچ کو شام چار بجے تک ملتوی کردیا تھا۔